پریس کلب کی تحریک پر لوڈ شیڈنگ کے خلاف ہزاروں افراد کا احتجاج

باغ (اپنے نمائندہ سے ) ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پریس کلب باغ کی کال پر ہزاروں افراد کا احتجاجی مارچ ، دھرنا ، واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی ، واپڈا کی بد معاشی آزاد کشمیر میں نہیں چلنے دیں گے ، واپڈا ، برقیات ہائے ہائے ، ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے کے نعرے ، واپڈا نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بند نہ کی تو گریڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کریں گے ، وفاقی حکومت کشمیریوں کے دلوں میں نفرت پیدا کرنے سے باز رہے ، واپڈا سفید ہاتھی بن چکا ہے ، باغ کے تاجر ، شہری ، وکلاء ، ٹریڈ یونیز ، سول سو سائٹی نے واپڈا کی سیاہ کاریوں کے خلاف ایکا کر لیا ، تفصیلات کے مطابق پریس کلب باغ کی کال پر گزشتہ روز باغ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مارچ ہوا جس سے صدر پریس کلب راجہ عبدالحفیظ ، خطیب مرکزی جامع مسجد مولانا سید عطا اللہ شاہ ، صدر انجمن تاجران حافظ طارق محمود ، چیئرمین مرکزی انجمن تاجران سردار افتخار زمان ، صدر یونین آف جرنلسٹس طاہر احمد عباسی ، مرکزی صدر جے کے سی یو جے راجہ محمد اشرف ، صدر سی یو جے ظہیر الحسن ، سابق امید وار سردار منظور ایڈووکیٹ ، سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ ، صدر ایپکا ضلع باغ سردار سعید ، صدر پرائیویٹ کالجز خالد کھوکھر ، صدر انجمن شہریان انعام عزیز ، جنرل سیکرٹری پریس کلب محمود راتھر ، سابق صدور پریس کلب سردار اشتیاق ، پرویز الحسن طاہر ، زاہد گیلانی ، پریس کلب کے عہدیداران سردار ارشاد ، پرویز مغل ، پرویز تبسم ، فریاد کاظمی ، عرفان عباسی ، اظہر عباسی ، اقبال جنجوعہ ، طاہر شاہ ، عبدالغفور غفاری، اعجاز مغل,خواجہ ارشد جاوید , و دیگر نے خطاب کیا ۔ شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زیرو لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا جا رہا ہے اور آزاد کشمیر میں واپڈا نے بارہ بارہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ شروع کر رکھی ہے تاجروں کا کارو بار ٹھپ ہو چکا ہے طلباء و طالبات شدید مشکلات کا شکار ہیں نمازوں کے اوقات میں بجلی بند رہتی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے پاکستان میں سیاستدان ڈیموں کی تعمیر پر لڑائی لڑ رہے ہیں جبکہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے آبا و اجداد کی قبروں کی قربانیاں دے کر ڈیم تعمیر کیے اور پورے آزاد کشمیر کو صرف 350میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے جسے پورا نہیں کیا جا رہا جبکہ پاکستان میں بجلی کی ضرورت 22ہزار میگا واٹ ہے نیلم جہلم سے بھی بجلی نیشنل گریڈ میں جائے گی ، رہنماؤں نے کہا کہ بیس کیمپ کے لوگوں کیساتھ دہرا معیار ترک کیا جائے اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ واپڈا میں بیٹھے تخریب کار کشمیریوں اور پاکستان کے درمیان دل شکنیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں ریاست آزاد کشمیر کے عوام نے الحاق پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پاکستان کو روشن کیا اور آج واپڈا کے بد معاش اس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں ، تاجر رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر لوڈ شیڈنگ بند نہ ہوئی تو کوہالہ ، منگلا اور آزاد پتن پلوں پر ریاست گیر دھرنے ہونگے جسکی تمام تر ذمہ داری واپڈا پر عائد ہوگی ، تاجر وں نے جس دن ریاست میں احتجاج کی کال دی تو اس کے بعد یہاں کا نظام حکومت چلنا مشکل ہو جائے گا ، تاجررہنماؤں نے کہا کہ ہم اپنے حقوق پر کسی کوئی ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے اور نہ ہی کسی کو یہ اجازت دیں گے کہ وہ یہاں کے عوام کو اندھیروں میں دھکیلے ،
صدر پریس کلب راجہ عبدالحفیظ نے کہا کہ واپڈا نے آزاد کشمیرمیں بد معاشی شروع کر رکھی ہے جسے سب ملکر روکیں گے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ واپڈا کے اہلکار یہاں کی عوام کیساتھ ناروا روایہ ترک کریں ، پریس کلب نے اعلان کیا کہ وہ باغ کے دیگر مسائل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اور باغ کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا قلمی کردار ادا کریں گے ، انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان اصلاحات لانا چاہتے ہیں لیکن باغ میں بیٹھے ہوئے چند لوگ ان اصلاحات کی راہ میں رکاوٹ ہیں جس کی نشاندہی کر دی گئی ہے ، دفاتروں میں آفیسران موجود ہی نہیں ہوتے اور سائیلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جلد ہی تمام تنظیموں کو بلا کر دیگر مسائل کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.