جس ملک میں معیاری اور اعلیٰ تعلیم دستیاب نہ ہو وہاں قیادت کا فقدان بھی پیدا ہو جاتا ہے سردار مسعود

نئی نسل کو معیاری تعلیم دے کرہی ہم ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ قوم کا مستقبل تعلیم سے وابستہ ہے ۔ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں بنیادی فرق دراصل معیار تعلیم کا ہی ہے ۔ جس ملک میں معیاری اور اعلیٰ تعلیم دستیاب نہ ہو وہاں قیادت کا فقدان بھی پیدا ہو جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے روٹس انٹرنیشنل سکول مظفرآباد طلباء کونسل کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ جہاں بھی جائیں اپنے والدین ، اپنے اساتذہ کا سر فخر سے بلند کریں اور اپنے ملک و قوم کے وفادار رہیں ۔ اور اپنے اندر اعلیٰ اوصاف ، کردار و اخلاق پیدا کریں ۔ صدر نے اساتذہ کرام سے کہا کہ وہ طلباء و طالبات کے اندر عظیم خواب دیکھنے کا جذبہ پیدا کریں چونکہ عظیم خواب اور اس کی تعیبر ہی مستقبل میں اُن کی کامیابی کا ضامن بنتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں طلباء کو پرائیویٹ اسکولز علم کی روشنی سے آراستہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں ، طلباء و طالبات کے اندر اپنے ملک و قوم کی خدمت کرنے کا جذبہ پیدا کرنا ہو گا ۔ صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سکولز اور سرکاری تعلیمی اداروں میں خوشگوار باہمی رابطہ ہونا چاہے ۔ اور سرکاری تعلیمی اداروں کا حجم بھی کسی صورت کم نہیں ہونا چاہیے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آج ریاست میں شرح خواندگی 85% سے زائد ہے ۔ ہمارے طلباء و طالبات کی تعلیمی اداروں میں داخلے کی شرح بہت حوصلہ افزاء ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جہاں اپنے بچوں کو تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے چاہیے وہاں تعلیم کے معیار کو بھی یقینی بنانا ہو گا ۔ اپنے طلباء و طالبات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے بہترین روزگار کے مواقع تلاش کرنے کے قابل بنانا ہو گا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی ابتر ہے اور وہاں کے لوگوں کے حق خود ارادیت کو بندوق اور گولی کی طاقت سے کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ لیکن مقبوضہ کشمیر کے اندر بسنے والے لاکھوں لوگوں کے دلوں سے جذبہ حریت ، جذبہ آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ۔ صدر آزاد کشمیر نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ میرے وطن تیرے جنت میں آئیں گے اک دن ۔صدر گرامی نے تقریب میں شاندار کارکردگی پیش کرنے پر طلباء و طالبات اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ۔ اور روٹس انٹرنیشنل سکول کی میٹرو پولیٹن سٹوڈنٹس کونسل کے عہدیداروں کو بھی مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر روٹس انٹرنیشنل سکول کی ریجنل ڈائریکٹر مسز المہ سید گیلانی نے صدر سردار مسعود خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ کہ صدر گرامی اپنا قیمتی وقت نکال کر سکول کے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تشریف لائے ہیں۔ مسز المہٰ سید نے کہا کہ سردار مسعود خان کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ۔ ان کا ماضی ایک شاندار سفارتی دور سے عبارت ہے ۔ اور وہ کشمیر کاز کو پوری دنیا میں جس احسن اور پر اثر انداز سے اُجاگر کر رہے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ مسز الماء نے کہا کہ صدر سردار مسعود خان کشمیر کے لوگوں کے لیے اُمید کی ایک کرن ہیں۔ اور ان کی بے باک اور ولولہ انگیز قیادت میں آزاد کشمیر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.