دبئی میں ایک چھوٹی سی غلطی نے ان دونوں دوستوں کو 11 کروڑ روپے کا مالک بنادیا، کیا غلطی تھی؟ جان کر آپ کو بھی انکی قسمت پر رشک ہو گا

قسمت کبھی یوں بھی مہربان ہوتی ہے کہ انسان کو یقین ہی نہیں آتا کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے۔ اور ایسا ہی بھارت سے تعلق رکھنے والے نوجوان پنٹو پال تھومانا اور اس کے دوست فرانسس سباسچین کے ساتھ بھی ہوا ہے ۔ دونوں دوست اپنی پسند کا لاٹری نمبر نہ ملنے پر ایک اور نمبر خرید بیٹھے لیکن جب قرعہ اندازی ہوئی تو دونوں کو پتہ چلا کہ وہ10لاکھ ڈالر (تقریباََ ساڑھے گیارہ کروڑ پاکستانی روپے)کے مالک بن چکے ہیں۔ عرب اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 36سالہ پنٹو پال اور اس کے دوست فرانسس سباسچین نے لاٹری کا ٹکٹ خریدنے کا فیصلہ کیا لیکن کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ان کی پسند کا نمبر نہیں نکلا۔ دوسری ٹرائی پر 2465 نمبر نکلا جو انہیں پسند تو نا آیا البتہ بادل ناخواستہ خرید لیا۔ بعد ازاں وہ اپنے فیصلے کو غلط قرار دیتے رہے لیکن ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہی ’غلطی‘ ان کی زندگی بدلنے والی تھی۔ گزشتہ روز جب پنٹو کو لاٹری جیتنے کی خوشخبری سنانے کے لئے کال کی گئی تو وہ سمجھے کہ ان سے مذاق کیا جارہا ہے۔ پنٹو نے بتایا ”میں سمجھا کہ میرا کوئی دوست کال کرکے میرے ساتھ شرارت کررہا ہے لیکن پھر مجھے کئی اور لوگوں کے میسج اور کال آنا شروع ہوگئیں۔ ان لوگوں نے یہ خبر پہلے ہی سن لی تھی۔“ فرانسس کا کہنا تھا کہ ان کی فیملی کو کافی مالی مشکلات کا سامنا تھا جو اب بالکل ختم ہوگئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی انہوں نے فیصلہ نہیں کیا کہ وہ اس رقم کا کیا کریں گے تاہم وہ یہ جانتے ہیں کہ اپنے دو بچوں کی اچھی تعلیم ان کی سب سے پہلی ترجیح ہوگی۔ پنٹو اور فرانسس بچپن کے دوست ہیں اور ریات کیرالہ میں بھی ہمسائے تھے جبکہ امارات میں بھی اکٹھے کام کرتے ہیں۔

Author: News Editor

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.