کراچی میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے،حکیم سعید گراﺅنڈ کراچی میں جلسے کے معاملے پر تصادم

حکیم سعید گراﺅنڈ کراچی میں جلسے کے معاملے پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے کیمپ پر حملہ کرکے نہ صرف کارکنوں پر تشدد کیا بلکہ گاڑیاں بھی نذر آتش کردی گئیں، جب اس کی ایف آئی آر درج کرانے گئے تو تھانے کے اندر ہی ان کے کپڑے پھاڑ دیے گئے۔پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے حکیم سعید گراﺅنڈ کراچی میں 12 مئی کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے اور اسی سلسلے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب پی ٹی آئی نے کیمپ لگا رکھا تھا ۔اس دوران بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے کیمپ پر دھاوا بول دیا جس کے بعد دونوں جانب سے گھمسان کا رن پڑا ااور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین جب تھانے میں ایف آئی آر درج کرانے گئے تو مبینہ طور پر انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی والوں نے ان کے کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 14 کارکن زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت سخت تشویشناک ہے۔ عامر لیاقت حسین نے کہا کہ وہ عزیز بھٹی تھانے میں ایف آئی آر درج کرانے گئے تھے، پیپلز پارٹی کے رہنما بھی تھانے میں ہی موجود تھے ، اس دوران وہاں موجود ایک شخص نے نہ صرف انہیں گالیاں دیں بلکہ ان کا گریبان بھی پھاڑ دیا۔عامر لیاقت حسین نے کہا کہ کراچی کا امن پیپلز پارٹی نے خراب کیا ہے، 12 مئی سے پہلے انہوں نے 12 مئی کردیا ہے۔ کراچی کی روشنیاں جلانے کے دعوے داروں نے آگ جلا کر اور گولیاں چلا کر روشنی جلائی ہے، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ یہ واقعی ایم کیو ایم کا خلا پر کر رہے ہیں۔

Author: News Editor

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.